آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا میں مرغوں کی لڑائی کے دوران مالک اپنے ہی مرغے کے حملے سے ہلاک
جنوبی انڈیا میں مرغوں کی ایک غیر قانونی لڑائی کے دوران اپنے ہی مرغے کے وار سے گہرا زخم آنے پر ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
مرغے کو لڑائی میں اپنے حریف پر برتری حاصل کرنے کے لیے تیز دھار چھری باندھی گئی تھی اور جب اس مرغے نے بھاگنے کی کوشش کی تو اس کے مالک کو ٹانگوں کے درمیان گہرا زخم آیا۔ مذکورہ شخص کو فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخم سے زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیے
ریاست تلنگانہ کے گاؤں لوتھونور میں رواں ہفتے ہونے والے اس واقعے میں ملوث 15 دیگر لوگوں کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
مرغے کو پولیس نے ضبط کر لیا اور بعدازاں اسے ایک مرغوں کے فارم میں منتقل کر دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ مرغے نے لڑائی کے دوران بھاگنے کی کوشش کی اور جب اس کے مالک نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو وہ اس کی ٹانگ پر باندھی گئی تین انچ لمبی چھری لگنے سے زخمی ہو گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس واقعے میں ملوث افراد پر قتل، غیر قانونی سٹے بازی اور مرغوں کی لڑائی کروانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق مقامی پولیس اہلکار بی جیون نے کہا کہ مرغے کو بعد میں عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جائے گا۔
انڈیا میں مرغوں کی لڑائی کو 1960 میں غیر قانونی قرار دیا گیا تھا مگر دیہی علاقوں مثلاً تلنگانہ میں یہ لڑائیاں اب بھی کافی عام ہیں اور کئی سنکرانتی کے ہندو تہوار کے آس پاس منعقد کی جاتی ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ کوئی مالک اپنے ہی مرغے کی وجہ سے ہلاک ہوا ہے۔
گذشتہ سال انڈیا کی ہی ریاست آندھرا پردیش میں ایک شخص مرغے پر لگا بلیڈ اپنی گردن پر پھر جانے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا تھا۔
سی این این کے مطابق مالک اپنے مرغے کو لڑائی کے لیے لے جا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔