http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 29 December, 2008, 13:07 GMT 18:07 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

بونیر:ہلاکتیں 40، تحقیقات جاری

صوبہ سرحد کے ضلع بونیر میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک انتخابی مرکز کے سامنے ہونے والے کار بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چالیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ سات افراد زخمی ہیں۔

تھانہ ڈگر کے ایس ایچ او بہرمند خان نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے مزید چھ افراد اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہسپتال میں دم توڑ گئے ہیں جس سے ہلاک ہونے افراد کی کل تعداد چالیس تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کی تحقیقات کےلیے ڈی ایس پی انوسٹیگیشن سردار حمید خان کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے تفتیش کا اغاز کر دیا ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے جبکہ ملبے کے نیچے سے سات لاشیں نکالی گئیں جنہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
گزشتہ روز بونیر میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے اٹھائیس میں ضمنی انتخابات کےموقع پر پولنگ کے دوران ایک انتخابی مرکز کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ سوات کے مقامی طالبان نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی تھی۔

اس واقعہ کے بعد الیکشن کمشنر صوبہ سرحد نے شلبنڈئی اور امنور میں قائم گیارہ پولنگ سٹیشنوں پولنگ ملتوی کردی جبکہ ضلع بھر کے دیگر 256 پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ گزشتہ روز ہی مکمل کرلی گئی تھی۔ یہ نشست عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد المتین خان کے وفات کے بعد خالی ہوگئی تھی۔