http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 22 December, 2008, 13:28 GMT 18:28 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

خیبر جرگے میں تصادم آٹھ ہلاک

قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ جرگہ کے دوران دو مسلح گروپوں میں فائرنگ سے اٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح خیبر ایجنسی کے دورافتادہ علاقے وادی تیراہ میں بوٹان شریف کے مقام پر ایک جرگہ کے دوران پیش آیا۔

اہلکار کے مطابق دو گروپوں کے مابین جرگہ جاری تھا کہ اس دوران مسلح افراد کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے گلاب خان اور آجیر خان گروپ سے چار چار افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوئے جبکہ واقعہ میں گلاب خان اور آجیر خان خود بھی مارے گئے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ فریقین کے مابین کچھ عرصہ سے ارآضی کی ملکیت کا تنازعہ چلا آ رہا تھا۔

واضح رہے کہ خیبرایجنسی میں گزشتہ چند ہفتوں سے امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے۔ علاقے میں اتحادی افواج کو سامان لے جانے والی گاڑیوں پر حملے، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے علاقے میں مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز کے دستے بھی تعینات کیے ہیں تاہم اس کے باوجود ان واقعات میں کمی کے کوئی آثار بظاہر دکھائی نہیں دیتے۔