دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پشاور کے قریب نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں سکیورٹی فورسز نے منگل کو علاقے کے رہائیشوں کو شام تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے اور سکیورٹی فورسز نے پانچ مقامات پر سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔
ادھر کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی ایک بس پر فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق منگل کو نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں سکیورٹی فورسز نے علاقے کے کئی مساجد سے لاؤڈسپکر کے ذریعے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شام تک اپنے گھروں کے اندر رہیں اور کسی کو بھی گھر سے باہر گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق منگل کے صبح سے سکیورٹی فورسز نے جاپان دوستی ٹنل کو بند کر دیا جس کی وجہ سے ٹنل کے دونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔
ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ درہ بازار، بوستی خیل، سرہ میلہ، زرغون خیل اور اخور وال میں بھی سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کیا ہے۔ اس کارروائی میں فوج کے علاوہ ایف سی کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔
کوہاٹ: تین افراد ہلاک
کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی ایک مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجہ میں تین افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو کوہاٹ کے
سول ہسپتال میں داخل کردیاگیا ہے۔
پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ کچئی کے علاقے سے مسافر بس کوہاٹ جارہی تھی کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے بس پر فائرنگ کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی تاہم نامعلوم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہنگو: حملے میں تین ہلاک
ضلع ہنگو میں ایک گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح افراد کی مشرف مارکیٹ میں ایک پان کی دوکان پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک
جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو ہنگو ڈسٹرک ہسپتال میں داخل کردیاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق شہر میں سکیورٹی سخت کردی گی
ہیں۔ شہر میں پولیس اور ایف سی کے نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
بنوں: بارودی سرنگ کا دھماکہ
صوبہ سرحد کے ایک اور ضلع بنوں میں بھی منگل کو پولیس کے ایک موبائل گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کسی جانی نقصان
کی اطلاع نہیں ملی ہے البتہ گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔