Friday, 21 November, 2008, 11:56 GMT 16:56 PST
شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان فوج کے خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) اور دیگر اعلٰی فوجی حکام دہشت گردی کےخلاف پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد پر علمدرامد کمیٹی کو ملک کی موجوہ امن وامان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔
جمعہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ قاف کے رکن شیخ وقاص کےتوجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد پر عملدرامد کمیٹی بااختیار ہے اور وہ اس حوالے سے کسی بھی ذمہ دار شخص کو طلب کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور مشیر داخلہ کے علاوہ آئی ایس آئی کے افسران کمیٹی کے ارکان کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی جمعہ کو اُن کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں جس میں وہ دہشت گردی اور شدت
پسندی کے خلاف جاری جنگ کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔
|
|
شیخ وقاص نے اپنے نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ بنوں میں پہلے جو خودکش حملے ہوئے ہیں اُن کے متاثرین کو ابھی تک حکومت کی طرف سے معاوضہ نہیں دیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے پر کام ہو رہا ہے۔
اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی شیرپاؤ گروپ کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو
کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی حملوں پر حکومت کی طرف سے ایک مذمتی بیان آجاتا ہے لیکن اس کے باوجود
امریکی حملے جاری ہیں۔
|
|
واضح رہے کہ پارلیمان کی عملدرامد کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی نے جمعرات کو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کہا تھا کہ امریکہ نے پاکستانی حدود میں حملے بند نہ کیے تو کمیٹی دوسرے آپشنز پر بھی غور کر سکتی ہے۔