http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 November, 2008, 05:00 GMT 10:00 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

کوئٹہ میں تین افغان باشندے ہلاک

کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین افغان باشندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

کوئٹہ کے پولیس افسر وزیر خان ناصر نے بتایا ہے سریاب روڈ پر کشمیر آباد کے علاقے میں یہ تینوں افغان باشندے جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

انہوں نے کہا کہ افغان باشندے شکل سے تاجک قبیلے کے نظر آتے تھے لیکن اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ یہ کون لوگ تھے اور وجہ تنازعہ کیا تھی۔

سول ہسپتال میں موجود عملے نے بتایا ہے کہ تینوں افغان باشندے ہیں اور ان کے نام گل خان ' محمد حسن اور منظور احمد بتائے گئے ہیں اور تینوں کو جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگی ہیں۔

پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ یہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے لیکن اب تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔