Thursday, 13 November, 2008, 04:54 GMT 09:54 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایرانی قونصلیٹ کے ایک اعلی اہلکار کو اغواء کر لیا ہے جبکہ ان کے محافظ کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح حیات آباد کے علاقے میں پیش آیا۔
واقعہ کے اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلٰی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو سیل کر دیا۔
گزشتہ روز پشاور کے علاقے ٹاؤن میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے کام کرنے والی امریکی تنظیم کے ایک سربراہ کو ڈرائیور سمیت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
امریکی شہری کا نام سٹیفن وانس بتایا جارہا ہے اور وہ امریکی یو ایس ایڈ کے تحت چلنے والے’فاٹا لائیولی ہڈ ڈویلپمنٹ پروگرام‘ میں’ لوئر ایریا‘ کے ڈائریکٹر تھے۔ لوئر ایریا میں جنوبی اور شمالی وزیرستان، کرم اور اورکزئی ایجنسی وغیرہ آتے ہیں۔
پشاور میں حالیہ مہینوں میں غیر ملکی سفارت کاروں اور دیگر افراد کے اغواء کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تقریباً دو دوماہ قبل پشاور میں افغان قونصلیٹ کے سربراہ عبد الخالق فراحی کو نامعلوم افراد نے حیات آباد سے اغواء کرکے ان کے ڈرائیور کو قتل کیا تھا۔ افغان اہلکار بدستور لاپتہ ہیں۔