http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 09 November, 2008, 09:11 GMT 14:11 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

باجوڑ:’بارہ شدت پسند ہلاک ‘

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتجے میں حکام نے بارہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔

حکام کے مطابق اتوار کو سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے تحصیل مامون، ڈمہ ڈولہ اور خرکے میں مشتبہ طالبان کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی ہے اور بارہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

حکام کے مطابق جیٹ طیاروں کی بمباری سے جنگجوؤں کے چھ ٹھکانے بھی مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز بھی باجوڑ کے علاقے ماموند اور چارمنگ پر بھی جیٹ طیاروں سے بمباری کی تھی جس میں حکام نے پندرہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔

سوات میں مارٹر حملے، چھ افراد ہلاک
دوسری طرف صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں شدت کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کاروائی کے دوران مارٹر کے کئی گولے عام شہریوں کے مکانوں پر گرے ہیں جس کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات تحصیل مٹہ کے علاقے خرڑئی میں تین گھروں پر مارٹر کے گئی گولے گرنے سے دو بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سوات میں ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعات سینچر اور اتوار کی درمیانی شب تحصیل مٹہ کے علاقے خرڑئی میں اس وقت پش آیا جب طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے لڑائی ہو رہی تھی۔

ان کے بقول مارٹر کا ایک گولہ داؤد خان نامی شخص کے گھر پر گرا جس میں دو بچے اور دو خواتین ہلاک ہوگئی ہیں۔

پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ مارٹر کا ایک اور گولہ ایک دوسرے مکان میں گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

جرگے میں فائرنگ کا تبادلہ، چھ افراد ہلاک
صوبہ سرحد کے ایک اور ضلع بنوں میں ایک جرگے میں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بنوں پولیس کے سربراہ محمد عالم نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کو تھانہ کینٹ کے حدود میں زمین کے تنازعہ پر ایک جرگہ ہو رہا تھا اور کسی بات پر ایک فریقین نے دوسرے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔