Thursday, 23 October, 2008, 13:36 GMT 18:36 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ایک ڈاٹسن گاڑی پر فائرنگ کرکے آٹھ افراد کو ہلاک کردیا ہے۔
اورکزئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی دوپہر لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے اتمان خیل میں بابرکی صاحب کے مقام پر پیش آیا۔
ابتدائی طور پر سامنے آنے والی غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والے مقامی قبائلی مشران ہیں۔
تاہم اورکزئی ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی جواد حسین نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق فیروز خیل قبیلے سے تھا اور وہ عام شہری تھے۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل فیروز خیل کے علاقے میں ایک قبائلی جرگے نے لشکر تشکیل دیا تھا جس میں علاقے سے غیر مقامی طالبان کے خلاف کارروائی کرنے کافیصلہ کیا گیا تھا۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ سواریوں سے بھری ایک گاڑی ابلن روڈ پر جاری تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اس پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار آٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے سڑک پر جانے والی گاڑیوں سے آٹھ افراد کو اتار کر قتل کیا اور اسکی لاشیں اتمان خیل کے علاقے پھینک کر نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا کہ واقعہ کے بعد علاقے میں حالات سخت کشیدہ ہوگئے ہیں۔ تاحال کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
تقریباً دو ہفتے قبل بالائی اورکزئی ایجنسی کے علاقے خدی زئی میں قبائلی جرگے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں اسی کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں قبائلی مشران کی بھی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔