http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 21 October, 2008, 16:27 GMT 21:27 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

خیبر ایجنسی اعلٰی اہلکار اغوا

قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ صحت فاٹا کے ایک اعلی اہلکار کو بندوق کی زد پر اغوا کرلیا ہے۔

پولیٹکل اتنظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق یہ واقعہ منگل کو تحصیل جمرود کے علاقے تخت بیگ چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ایک اعلی اہلکار اور ایجنسی سرجن ڈاکٹر زمان خٹک جمرود سے پشاور جارہے تھے کہ پاک افغان شاہراہ پر دو گاڑیوں میں سوار نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور بندوق کی نوک پر انہیں اپنے ساتھ کسی نامعلوم مقام پر لے گئے۔
تاحال کسی تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایجنسی سرجن قبائلی علاقوں میں فاٹا کے زیرانتظام قائم ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز کے نگران ہوتے ہیں۔
خیبر ایجنسی میں گزشتہ چند ماہ میں قتل، اغوا برائے تاوان اور بالخصوص سرکاری اہلکاروں کے اغوا کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چند ماہ قبل اسی تخت بیگ کے علاقے میں رکن قومی اسمبلی پیر نورالحق قادری کے چار رشتہ داروں کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ اس کے علاوہ کابل میں پاکستان کے سفیر طارق عزیز الدین کو بھی پاک افغان شاہراہ سے اغوا کیا گیا تھا۔