Tuesday, 23 September, 2008, 15:40 GMT 20:40 PST
پاکستان کے صدر آصف زرداری نے نیو یارک میں امریکی صدر جارج بش سے ملاقات کی ہے جس سے قبل امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے امریکہ پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہونے والی اس ملاقات کی تفصیل ابھی تک سامنے نہیں آئی لیکن آصف زرداری سے بات چیت سے کچھ پہلے صدر بش نے کہا کہ وہ پاکستان کی حفاظت کے لیے مدد کرنا چاہتے ہیں۔
آصف زرداری اور جارج بش کی ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان میں امریکہ کے خلاف اس بات پر شدید غصہ ہے کہ وہ افغانستان کی سرحد عبور کر کے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
صدر زرداری سے ملاقات سے قبل مختصر گفتگو کے دوران صدر بش نے پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف امریکی فضائی حملوں کے متنازع موضوع کا ذکر کرنے سے اجتناب کیا۔
صدر بش کا کہنا تھا: ’پاکستان کی خود مختاری اور اس کے تحفظ کے بارے میں آپ کے الفاظ بہت زوردار ہیں اور امریکہ (پاکستان کی) مدد کرنا چاہتا ہے‘۔
صدر زرداری اور صدر بش کی ملاقات کی تفصیل ابھی میڈیا کو فراہم نہیں کی گئی۔
![]() |
|