Thursday, 18 September, 2008, 17:02 GMT 22:02 PST
عزیزاللہ خان ، ذیشان حیدر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ، اسلام آباد
خواتین کے حقوق کے لیے آواز اُٹھانے والی پاکستان کی مختلف غیر سرکاری تنظیموں نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی جانے والی پانچ خواتین کے لیے بیس ستمبر کو جوائنٹ سیشن کے دوران پارلیمنٹ کے باہر اور تمام صوبوں میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے اور سینیٹر اسرار زہری اور ان تمام لوگوں کو نااہل قرار دینے کا مطاکبہ کیا ہے جو جو غیرت کے نام پر ہونے والی قتل کی وارداتوں کا دفاع کرتے ہیں۔
اس بات کا اعلان پاکستان کی مختلف غیر سرکاری تنظیموں جن میں عورت فاونڈیشن، انسانی حقوق اتحاد اور کئی دوسری تنظیموں کی ایکشن کمیٹی نے جمعرات کو اسلام آباد میں طویل میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والا یہ پہلا واقع نہیں ہے ایسی کئی واقعات پاکستان کے مختلف علاقوں میں رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن آج تک ان کے خلاف کچھ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر دفعہ اس قسم کے واقعات کو غیرت اور رسم و رواج کا نام دے دیا جاتا ہے جو کہ پاور پولیٹکس کا حصہ ہے اور یہ
انہی لوگوں کی سیاست ہوتی ہے جو اپنے اقتدار اور منصب کو ہمیشہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور بعد میں اسٹیبلشمینٹ سے مدد لیتے ہیں۔
![]() |
|
| اسلام آباد میں احتجاج کے دوران خواتین این جی اوز کا ایک گروپ |
دریں اثنا کوئٹہ سے ہمارے نامہ نگار عزیز اللہ خان کی رپورٹ کے مطابق نصیرآباد میں پانچ خواتین کے مبینہ قتل کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان آصف نواز نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں بارہ سے پندرہ افراد شامل تفتیش ہیں۔
سپریم کورٹ نے اس واقعے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔
کوئی اڑھائی ماہ گزرنے کے باوجود یہ معاملہ اب تک حل نہیں ہو سکا۔ یہ بھی ثابت نہیں ہو سکا کہ آیا خواتین دو تھیں یا پانچ جنہیں مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا گیا ہے اور یا زندہ دفن کر دیا گیا ہے۔
آئی جی بلوچستان آصف نواز نے آج کچھ صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار افراد تو زیر حراست ہیں لیکن اس وقت بارہ سے پندرہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ متعلقہ پولیس افسر کے خلاف بھی انکوائری کی جا رہی ہے۔ آئی جی نے کہا ہے کہ ان خواتین کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والے شخص کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے جمعرات کو ایک اخباری کانفرنس میں کہا ہے کہ یہ کوئی بلوچ
روایات نہیں ہیں۔
![]() |
|
| بلوچستان میں کارو کاری کا نشانہ بننے والی خواتین کے سلسلے میں احتجاج |