http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 17 September, 2008, 15:23 GMT 20:23 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

جنوبی وزیرستان: تازہ میزائل حملہ

جنوبی وزیرستان کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی شام امریکی جاسوس طیارے نے چار میزائل داغے جس سے پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

حکام نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے تیس کلومیٹر دور باغاڑ چینا میں امریکی جاسوس طیارے نے چار میزائل داغے جن میں سے دو ایک گھر پر گرے اور دو میزائل پہاڑیوں پر لگے۔

’پاکستان کی خود مختاری کا احترام کریں گے‘
’غیر ملکی فوج حملہ نہیں کر سکتی‘

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پانچ طالبان ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق ملا نذیر گروپ سے تھا اور تمام کے تمام پنجابی طالبان تھے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ میزائل حملے سے قبل جاسوس طیارہ علاقے کا چکر لگا رہا تھا۔

واضح رہے کہ باغاڑ چینا انگور اڈہ سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں پر تین ستمبر کو امریکی فوج نے زمینی کارروائی کی تھی۔

آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان میجر مراد خان نے اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار ذیشان ظفر کو بتایا کہ ان کے پاس اس حملے کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے اور اس بارے میں میڈیا سے ہی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔