Monday, 15 September, 2008, 18:21 GMT 23:21 PST
آصف فاروقی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی کی ہے جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کے نرخ میں ساڑھے تین روپے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
تیل اور گیس کی قیمت کا تعین کرنے والے ادارے اوگرا سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت اکیاسی روپے جبکہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت بالترتیب ساٹھ اور ساڑھے اکسٹھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
پٹرول کی قیمت میں کمی بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں ہونے والی کمی کے پیش نظر کی گئی ہے جبکہ اس کا فائدہ ڈیزل اور مٹی کے تیل کے صارفین کو نہیں پہنچایا گیا کیونکہ ان دونوں مصنوعات پر دی جانےوالی رعایت کو حکومت بتدریج کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
اسی پالیسی کے تحت پٹرولیم کی دیگر تمام مصنوعات کی قیمتیں پرانی سطح پر برقرار رکھی گئی ہیں جن میں کاشتکاری کے لئے استعمال ہونے والا ڈیزل بھی شامل ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ڈیزل پر فی لیٹر پینتیس روپے تک سبسڈی دیتی رہی ہے جسے کچھ عرصے میں بالکل ختم کر دیا جائے گا۔
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ردو بدل تقریباً دو ماہ بعد کیا گیا ہے اس دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت ایک سو بیالیس سے کم ہوتی ہوئی سو ڈالر سے بھی کم ہو چکی ہے۔
بیس جولائی کو پٹرول کی قیمت میں گیارہ، ڈیزل کی قیمت میں نو اور مٹی کے تیل میں سات روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔