http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 15 September, 2008, 10:57 GMT 15:57 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پشاور،مغوی پولیس والوں کیلیے احتجاج

دو ہفتے قبل ہنگو سے اغوا ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بازیابی کےلیے پشاور میں جی ٹی روڈ بند کرکے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے آنسو گیس پھینکی جبکہ احتجاج کی وجہ سے تقریباً چار گھنٹے تک پشاو کو پنجاب سے ملانے والی دو اہم شاہراہیں بند رہیں۔

تھانہ چمکنی کے ایک اہلکار عابد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی صبح وڑپگہ گاؤں اور اردگرد کے علاقوں کے سینکڑوں افراد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلا کر رنگ روڈ پل کے قریب پشاور کو پنجاب سے ملانے والی مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بندی کردی۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ تقریباً دو ہفتے قبل ہنگو سے اغوا ہونے والے زیرتربیت پولیس اہلکاروں کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔ مغویوں میں پانچ اہلکاروں کا تعلق وڑپگہ گاؤں سے بتایا جاتا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ بند ہونے کی وجہ سے قریب سے گزرنے والی موٹر وے بھی ہر قسم کے ٹریفک کےلیے بند ہوگئی جس سے پشاور اسلام آباد سڑک پردونوں جانب سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

واضح رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل پشاور سے جنوبی ضلع ہنگو جانے والے پچیس زیرتربیت پولیس اہلکاروں کو مقامی طالبان نے ضلع ہنگو سے اغوا کیا تھا اور ان کی رہائی کے بدلے اپنے کچھ گرفتار ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔