http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 12 September, 2008, 11:40 GMT 16:40 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

’سالمیت کا دفاع، نئی قیادت کےتحت‘

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ قومی طاقت کے تمام عناصر نئی جمہوری قیادت کے ماتحت ملکی سالمیت کا دفاع کریں گے۔

دو روزہ کورکمانڈر کانفرنس کے اختتام پر جمعہ کو جاری کردہ ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء کو خطے میں امن و سلامتی کی موجودہ صورتحال اور بڑے فریقین سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے ایک سوگیارہویں کور کمانڈر کانفرنس کے اختتام پر کہا کہ ’قومی طاقت کے تمام عناصر نئی جمہوری قیادت کی ماتحتی میں عوامی حمایت کے ساتھ پاکستان کی سرحدی سالمیت کا دفاع کریں گے‘۔

کور کمانڈرز کانفرنس اس وقت منعقد ہوئی جب امریکہ کی جانب سے ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ میں پالیسی تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کے اندر فوجی کارروائی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

امریکہ کے اس اعلان کے فوری بعد پاکستان کے آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ افواج پاکستان ملکی سالمیت کا بھرپور دفاع کریں گی اور کسی بھی بیرونی فورس کو پاکستان میں کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

آرمی چیف کے اس بیان کی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کا بیان حکومتی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے پاکستان کے اندر چھپنے والے القاعدہ اور طالبان شدت پسندوں کے خلاف خود کارروائی کرنے کے اعلان کی نیٹو نے بھی مخالفت کی۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک ترجمان نے امریکہ کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے کسی فیصلے کی تردید کی ہے۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ امریکی فورسز کو پاکستان میں میزائل حملوں کی اجازت ہے یا نہیں کیونکہ جمعہ کی صبح شمالی وزیرستان میں ایک میزائل حملہ کیا ہے جس میں بارہ افراد مارے گئے ہیں۔