Sunday, 31 August, 2008, 00:25 GMT 05:25 PST
ذوالفقار علی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، مظفر آباد
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں برسرپیکار کئی عسکری تنظیموں پر مشتمل متحدہ جہاد کونسل نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وادی کشمیر میں ہندوؤں اور سکھوں کی حفاطت کی جائے۔
یہ بیان بعض بھارتی اخبارات ان خبروں کی اشاعت کے بعد جاری کیا گیا جن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عسکری تنظیمیں ہندوؤں اور سکھوں کو نشانا بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عسکری تنظیموں کی قیادت نے عسکریت پسندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہندوؤں اور سکھوں کا کوئی نقصان نہ پہنچائیں اور یہ کہ ان کی جان و مال کی حفاظت کریں۔
سید صلاح الدین نے’جو کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے سربراہ بھی ہیں’ یہ بیان بعض بھارتی اخبارات میں بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ سے منسوب بعض اطلاعات کی اشاعت کے بعد دیا۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کی کلعدم تنظیم لشکر طیبہ ہندوؤں کے مذہبی مقامات پر حملہ کرنے کی غرض سے ان پر نگرانی کررہی ہے۔
سید صلاح الدین نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ بھارتی حکومت اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کی کشمیریوں کے حق خود ارایت کی تحریک کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اس کا مقصد کشمیریوں کے حق خود ارایت کی تحریک کو فرقہ وارانہ رنگ دینے اور ان کے بقول انتہا پسند ہندوؤں کو مسلمانوں پر حملے کے لئے اکسانا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’وادی کشمیر میں عوامی تحریک کے نتیجے میں بھارتی حکومت کو جس اندرونی اور بیرونی دباؤ کا سامنا ہے یہ حکمت عملی اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے بھی اپنائی جارہی ہے‘۔
سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ عسکری قیادت نے عسکریت پسندوں کو ان جگہوں پر کارروائی کرنے سے منع کیا ہے جہاں عام شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔