http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 27 August, 2008, 05:59 GMT 10:59 PST

احمد رضا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

طریقہ کار کا اعلان آج متوقع

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد ایوان رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک بدھ کو ایوان میں معزول ججوں کی بحالی کے طریقہ کار کا اعلان کریں گے۔

یہ بات انہوں نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران ڈاکٹر خالد رانجھا اور بعض دوسرے ارکان کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت سابق صدر پرویز مشرف کے پچھلے سال تین نومبر کو اٹھائے گئے اقدامات کو غیر آئینی سمجھتی ہے۔

ان ججوں کی بحالی کے سلسلے میں وزارت قانون نے پچھلے مہینے صدر مملکت کو سمری بھیجی تھی جس پر انہوں نے دستخط کردیئے تھے تاہم مسلم لیگ نون کے تحفظات کے بعد حکومت نے ان ججوں کی بحالی کا نوٹیفیکیشن روک دیا تھا۔

آپ کا کیا خیال ہے شمار تسبیح دانہ میں امام نہیں۔ وہ (افتخار محمد چودہری) تو امام ہیں وہ تو (بحال) ہوں گے
 یوسف رضا گیلانی
 

ادھر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ججوں کی بحالی صدر پرویز مشرف کو ہٹانے سے زیادہ مشکل کام نہیں اور جلد ہی تمام جج بحال ہوں گے جس کے بعد مسلم لیگ نون سے درخواست کی جائے گی کہ وہ حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران جب ان سے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی بحالی کے امکانات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا ’آپ کا کیا خیال ہے شمار تسبیح دانہ میں امام نہیں۔ وہ تو امام ہیں وہ تو (بحال) ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ججوں کی بحالی پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اور بے نظیر بھٹو کا بھی یہ وعدہ تھا۔

دوسری طرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی طرف سے ان کی جماعت سے رابطے کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’وزیر اعظم صاحب سے بھی ملاقات ہوئی ہے کافی باتیں ہوئی ہیں خورشید شاہ صاحب سے بھی تفصیلی باتیں ہوئی ہیں۔ دوسری طرف کے مسلم لیگ نون کے جو دوست ہیں، ان کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے۔‘