شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں بےگناہ افراد کی ہلاکت اور علاقے میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے پاکستان کی قومی اسمبلی کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
منگل کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں قانون اور پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر فاروق ایچ نائیک نے معمول کی کارروائی روک کر ایوان میں اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنانے کی قرارداد پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نہ صرف نوٹس لے گی بلکہ اس علاقے میں معصوم افراد کی ہلاکتوں کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کرے گی۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، اس لیے عالمی برادری نہ صرف اس کے حل کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے بلکہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
قرارداد میں کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کی بھی سفارش کی گئی۔