http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 13 August, 2008, 22:27 GMT 03:27 PST

ایوب ترین
بی بی سی اردو ڈاٹ کا م، کوئٹہ

حب میں کار بم دھماکہ

بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے جن میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں کو کراچی اور حب کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے دھماکے کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت کردی ہے۔

حب شہر سے تین کلو میٹر دور ساکران روڈ پر بدھ کی شام سڑک کے کنارے کھڑی ایک کار میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد خوشحال اور اس کا بھائی ریاض موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 12 سے زائد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جام غلام قادر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بعد میں پانچ شدید زخمیوں کو کراچی کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حب پولیس تھانہ کے انچارج محمد امین کے مطابق دھماکہ کی شدت کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد شہر میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور14 اگست کی تقریبات کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے شہر میں گشت شروع کر دیا ہے۔

حب بم دھماکہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی تاہم منگل کی رات کو کوئٹہ شہر میں دو بم دھماکوں جن میں ایک شخص ہلاک ہوا کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔ دوسری جانب بلوچ خواتین پینل، انجمن اتحاد مری اور بلوچ نیشنل فرنٹ نے صوبے میں جاری آپریشن کے خلاف بطور احتجاج چودہ اگست کو یوم سیاہ منانے اور کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں بلوچ خواتین پینل نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک بھوک ہڑتالی کیمپ لگائی ہے۔ ان خواتین کامطالبہ ہے کہ لاپتہ بلوچوں کومنظرعام پر لایا جائے اور بلوچ اسیروں کو رہا کیا جائے۔