Tuesday, 29 July, 2008, 03:51 GMT 08:51 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبۂ سرحد کے شورش زدہ ضلع سوات میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے تین سرکاری اہلکاروں کو گولیاں مارکر قتل کردیا ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کا تعلق ایک حساس ادارے سے بتایا جاتا ہے۔ سوات کے مقامی طالبان نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
سوات سے ملنے والی اطلاعات میں عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی رات مٹہ تحصیل کے علاقے سج بنڑ میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق تینوں اہلکار ایک گاڑی میں جا رہے تھے کہ ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے تینوں اہلکار موقع ہی پر ہلاک ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کا تعلق وفاقی حساس ادارے سے بتایا جاتا ہے۔ سوات میڈیا سنٹرکے ترجمان میجر فاروق نے تین سرکاری اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان اہلکاروں کا تعلق فوج سے نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے اس واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے رونیال کے علاقے میں کرفیو نافذ کر کے تلاش شروع کردی اور کئی مشتبہ افراد کوگرفتار کیا ہے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے کانجو ایف سی کیمپ سے مشتبہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر شدید شیلنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے اور تمام علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافد ہے۔