http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 28 July, 2008, 15:23 GMT 20:23 PST

ذیشان ظفر
اسلام آباد

تحریک کی تاریخ پر فیصلہ نہیں

اٹھارہ فروری کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز ڈیمو کریٹک موومنٹ کا اجلاس پیر کو اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کیے بغیر ہی ختم ہو گیا کہ معزول ججوں کی بحالی کے مسئلہ پر حکومت کے خلاف تحریک کب شروع کی جانی چاہیے۔

اے پی ڈی ایم کا اجلاس اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم کی رہائش گاہ پر ہوا۔ اجلاس کے بعد اعلان کے باوجور کوئی پریس بریفنگ نہیں دی گی۔

تاہم اے پی ڈی ایم کے رہنما لیاقت بلوچ نےاسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے خلاف ایک منظم سیاسی تحریک چلانے کے لیے اجلاس میں شامل تمام رہنما متفق ہو گئے ہیں جبکہ تحریک کے لیے اے پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے لائحہ عمل کی سفارشات تیار کر لی ہیں جن کا اعلان اے پی ڈی ایم کے رہنماوں سے مشاورت کے بعد منگل تک کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اٹھارہ فروری کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا تھا وہ اس پر عمل کرنے میں ناکام ہو گی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی سر پیر ہی نہیں اس لیے آئی ایس آئی کو پہلے وزرات داخلہ کے ماتحت کرنے کے بعد دوبارہ ان دیکھے دباؤ کی وجہ سے فیصلہ واپس لینا پڑا ہے جس سے امریکہ کے دورے سے قبل وزیر اعظم کی نمائندہ حیثیت متاثر ہوئی ہے۔

اجلاس میں قاضی حسین احمد، عمران خان، محمود خان اچکزئی سمیت اے پی ڈی ایم کے نمایاں رہنما شریک ہوئے۔