http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 18 July, 2008, 06:33 GMT 11:33 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

وزیرستان: جاسوسی کا الزام، تین قتل

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے سب ڈویژن لدھا کے نواحی گاؤں کاروان منزہ میں نامعلوم افراد نے تین افراد کو امریکہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں قتل کر دیا ہے۔

جنوبی وزیرستان سے موصول ہونے والی مقامی انتظامیہ کی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو لدھا سے پندرہ کلومیٹر دور جنوب کی جانب کاروان منزہ میں مقامی لوگوں کو ایک نالے سے تین لاش ملیں۔

لاشوں کے ساتھ پشتو میں تحریر ایک خط بھی پڑا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مقتولین امریکہ کے لیے جاسوسی کرتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق خط میں خبر دار کیا گیا ہے کہ امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے والوں کا انجام یہی ہوگا۔

خط میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ مقتولین کون ہیں اور ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ تینوں افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹکل انتظامیہ کو یہ معلوم نہ ہوسکا کہ مقتولین کون ہیں اور ان لوگوں کو کس نے ہلاک کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چار سال کے دوران نامعلوم افراد نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں امریکہ کے لیے جاسوسی یا حکومت کی حمایت کے الزام میں تین سو کے قریب لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان واردتوں کا الزام علاقے میں سرگرم مبینہ شدت پسندوں پر لگایا جاتا ہے۔