http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 12 July, 2008, 07:03 GMT 12:03 PST

عزیزاللہ خان
بی ب سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

قلعہ عبداللہ میں بھاری اسلحہ برآمد

بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ میں فرنٹیئر کور یعنی نیم فوجی دستے کے اہلکاروں نے زمین میں دفن کیا گیا بھاری اسلحہ برآمد کیا ہے۔

فرنٹیئر کور کے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ اسلحہ افغانستان کی سرحد کے قریب واقعہ شہر قلعہ عبداللہ میں ولگئی نالہ کے قریب زمین میں دفن کیا گیا تھا۔

ایف سی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس اسلحے میں دھماکہ خیز مواد کے علاوہ اینٹی ایئر کرافٹ گن کے ایک سو راؤنڈ، اسلحے کے چار ڈبے، تیس بور پستول، بارہ راکٹ، پانچ دستی بم اور تیس بور پستول شامل ہیں۔

ادھر فرنٹیئر کور کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایف سی نے کوئٹہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ شروع کر دی ہے اور اس دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والے چھہتر افراد کو گرفتار جبکہ سریاب کے علاقے سے مختلف کارروائیوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

یاد رہے کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے صوبائی حکومت نے فرنٹیئر کور کو شہر میں ایک مرتبہ پھر تعینات کیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ چھ میں سے لگ بھگ پچاس افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ہلاک کیا گیا ہے لیکن اس سلسلے میں کوئی نمایاں گرفتاری نہیں کی گئی ہے۔