Sunday, 29 June, 2008, 09:14 GMT 14:14 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی اور نصیر آباد میں دو گیس پائپ لائنوں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک بچے سمیت تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ سے سوئی جانے والی بڑی پائپ لائن کو شہر کے قریب دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس سے قریب کے ایک مکان میں سوئے ہوئے افراد جھلس گئے ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ایک بچی ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے۔
ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ جس مقام پر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے اس کے قریب سیکیورٹی فورسز کی چوکی ہے اور مکانات بھی ہیں۔
دریں اثنا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر اس دھماکے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے۔
اس کے علاوہ ادھر نصیر آباد میں میر حس تھانے کی حدود میں امونیم گیس کی ایک پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے جس سے اوچ پاور پلانٹ کو گیس کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ پاور پلانٹ کو متبادل ذرائع سے گیس کی ترسیل جاری ہے۔
فائرنگ سے تین افراد ہلاک
ادھر کوئٹہ میں سبزل روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی ہے جس میں سوار دو افراد ہلاک اور ایک راہگیر بچہ ہلاک جبکہ
دو راہگیر زخمی ہو گئے ہں۔
پولیس کے مطابق یہ ذاتی دشمنی کا واقعہ ہے اور اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔