Thursday, 26 June, 2008, 15:53 GMT 20:53 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
صوبہ سرحد کے ضلع ٹانک کے ایک گاؤں میں مشتبہ افراد کی تلاش کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے دو بھائی ہلاک ہوگئے۔
اس سرچ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے تین افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ آپریشن کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہیں ہوئی ہے۔
ٹانک میں پولیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو شہر سے کوئی بارہ کلومیٹر دور شمال کی جانب گاؤں کڑی حیدر میں سکیورٹی فورسز نے مشتبہ طالبان کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے لگ بھگ تین سو جوانوں نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران گاؤں کے قریب ایک مشکوک گاڑی پر سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں کڑی حیدر میں سکیورٹی فورسز نے ایک مشکوک اسلامی مدرسہ حالیمیہ اور قریبی دو گھروں کی تلاشی لی اور ایک گھر سے تین مشکوک افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران کسی قسم کی مزاحمت نہیں ہوئی ہے اور سکیورٹی فورسز کی اہلکار واپس لوٹ گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹانک کے نیم قبائلی علاقے میں امن کمیٹی کے چوبیس اراکین کی لاشیں ملی تھی جنہیں اس واقعہ سے دو دن پہلے مقامی طالبان نے اغواء کیا تھا۔ مقامی طالبان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جرائم پیشہ لوگ تھے اس لیے ان کے ساتھ ایسا سلوک کیاگیا لیکن حکومت کا موقف ہے کہ یہ حکومت کی حامی امن کمیٹی کے لوگ تھے۔