Wednesday, 25 June, 2008, 20:35 GMT 01:35 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ کے قریب نامعلوم افراد نے کوئٹہ ایکسپریس پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق راولپنڈی سے آنے والی کوئٹہ ایکسپریس جب سپیزنڈ اور سریاب کے درمیان پہنچی تو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ شروع کر دی اور راکٹ داغے۔
حکام کے مطابق حفاظتی انتظام کے طور پر ریل گاڑی سے پہلے ایک پائلٹ انجن چلایا جاتا ہے اور مشتبہ افراد نے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی ہے جبکہ ریل گاڑی اور مسافر محفوظ رہے ہیں۔
اس واقعہ کے بعد کوئٹہ ایکسپریس کو سپیزنڈ اور پائلٹ انجن کو سریاب کے مقامات پر روک دیا گیا اور ریل سروس معطل کر دی گئی ہے۔
دریں اثنا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے بیبرگ بلوچ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یاد رہے بدھ کو صبح سویرے سپیزنڈ کے مقام پر ہی ریل کی پٹڑی کو دھماکے سے اڑا دیا گیا تھا جس سے ریل گاڑیوں کی آمدورفت قریباً دس گھنٹے تک معطل رہی اور بعد دوپہر پٹڑی کو مرمت کر دیا گیا تھا۔