Monday, 16 June, 2008, 17:59 GMT 22:59 PST
امداد علی سومرو
لاہور
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمن آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں کہ ایوان صدر میں سلمان تاثیر جیسا جیالا صدر ہوگا اور ایوان صدر کی دیواریں جئے بھٹو کے نعروں سے گونجیں گی۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اجتماع سے پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر نے بھی خطاب کیا۔
آصف زرداری کی لاہور آمد کے موقع پر مال روڈ کو استقبالی بینروں، بینظیر بھٹو، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تصویروں سے سجایا گیا تھا۔ زرداری کی آمد سے قبل ایئر پورٹ پر پارٹی کارکن بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور انہیں جلوس کی شکل میں گورنر ہاؤس لے جانے کی تیاریاں کی گئیں لیکن سیکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے آصف زرداری جلوس کے ساتھ گورنر ہاؤس نہیں گئے۔
ایئر پورٹ پر پارٹی کے کارکن’ ایک زرداری سب پہ بھاری، زندہ ہے بی بی زندہ ہے اور جئے بھٹو‘ کے نعرے لگاتے رہے۔
گورنر ہاؤس میں آصف زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ ہی گورنر ہاؤس ہے جہاں سے جمہوریت کے غاصب آصف لغاری نے پیپلز پارٹی کی حکومت ختم کر کے انہیں گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس وقت بھی جمہوریت کے مجرم تھے اور آج بھی ہیں اور ’جمہوریت کے انہی مجرموں نے ہم سے ہماری بینظیر چھین لی ہے‘۔
انہوں نے کہا پاکستان میں کوئی بھی ایسی قوت نہیں جو فخر سے سر اٹھا کر یہ کہ سکے کہ وہ جمہوریت کے شہیدوں کی وارث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہیدوں کی سیاست کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عام انتخابات میں بھی کہتے رہے ہیں اور اب پھر کہتے ہیں کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ وہ صرف جان دینا جانتے ہیں جان لینا نہیں جانتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ جان دے سکتے ہیں تو جان لے بھی سکتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ کوئی انہیں جمہوریت نہ سکھائے۔ پیپلز پارٹی نے پاکستان میں جمہوریت سکھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو نے ایوب خان کو دفن کیا، یحیٰ خان سے جنگ کی، اور اب بھی اگر جمہوریت کے ان ڈاکؤں سے جنگ کرنا پڑی تو وہ صرف ارو صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ایوان صدر میں بھی پنجاب کے گورنر ہاؤس کی طرح پیپلز پارٹی کا نامزد صدر ہوگا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی تحریکیں کیا ہوتی ہیں وہ جانتے ہیں۔ لانگ مارچ تب ہوگا جب وہ لانگ مارچ کریں گے اور میلہ تو ہر کوئی کر سکتا ہے لیکن لانگ مارچ صرف وہ ہی کریں گے۔