Tuesday, 10 June, 2008, 12:47 GMT 17:47 PST
امریکی تھنک ٹینک نے پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں پر ہمسایہ ملک افغانستان میں طالبان جنگجؤوں کی مدد کا الزام لگایا ہے۔
پینٹاگون کی مدد سے تیار ہونے والی اس رپورٹ میں رینڈ کارپوریشن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایجنٹوں نے انفرادی طور پر ان باغیوں کو خفیہ معلومات فراہم کی ہیں۔
پاکستان ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔
رینڈ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایجنسیاں طالبان کو افغان اور بین الاقوامی افواج کی نقل و حمل کی پیشگی اطلاعات دیتی رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے کئی امریکی اور نیٹو کی کارروائیاں ناکام ہوئی ہیں۔
رینڈ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے اہلکاروں نے طالبان کو مالی مدد فراہم کی اور ان کے زخمیوں کے علاج معالجے کا بھی بندوبست کیا۔
اس سے قبل نیٹو پاکستان کی نئی حکومت اور طالبان کے درمیان معاہدے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کی فوج نے بھی ان معاہدوں کے بعد طالبان کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کیا اور قبائلی علاقوں میں افغان سرحد کے قریب فوج کی تعداد میں کمی کر دی جس سے مغرب کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیٹو اور امریکہ نےان معاہدوں پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرحدی علاقے القاعدہ اور طالبان کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل ہوجائیں گے۔