Tuesday, 10 June, 2008, 17:49 GMT 22:49 PST
نثار کھوکھر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ملتان
معزول ججوں کی بحالی کے لیے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے کراچی سے چلنے والا وکلاء اور سیاسی کارکنان کا قافلہ منگل کو رات گئے ملتان پہنچ گیا ہے۔
سخت گرمی اور ایک لمبے سفر کے باوجود قافلے میں شریک وکلاء کے جوش میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ معزول چیف جسٹس افتخار محمد
چودھری منگل کی شام کو بذریعہ ہوائی جہاز اسلام آباد سے ملتان پہنچ گئے تھے۔ افتخار محمد چودھری لانگ مارچ سے قبل وکلاء سے خطاب
کریں گے اور بذریعہ ہوائی جہاز لاہور کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
درجنوں گاڑیوں، مسافر بسوں اور ویگنوں پر سوار سینکڑوں وکلاء اور سیاسی کارکنان کا یہ قافلہ منگل کی صبح سکھر سے روانہ ہوا تھا اور قومی شاہراہ پر سفر کرتا ہوا شام کو رحیم یار خان پہنچا تھا جہاں سے یہ قافلہ بہاولپور سے ہوتا ہوا منگل کو رات گئے ملتان پہنچا۔
ملتان آمد پر اس قافلے کا ایک بڑے مجمعے نے استقبال کیا اور جب سندھ اور بلوچستان کے قافلے اکٹھے ہوئے تو زبردست نعرے لگائے گئے۔ ملتان آمد کے موقع پر چھوٹی چھوٹی ٹولیوں میں سیاسی کارکن اور عام شہری اس قافلے میں شامل ہوئے۔
جماعت اسلامی اور نواز لیگ کے کارکنوں کی قابلِ ذکر تعداد لانگ مارچ قافلے میں شامل ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں چند مقامات پر پاکستان
پیپلز پارٹی کے چند افراد جماعت کے جھنڈے اٹھائے قافلے کا خیر مقدم کرتے نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ معزول چیف جسٹس کی بحالی
کے حق میں ہیں۔
![]() |
|
| جسٹس افتخار کو ملتان میں چیف جسٹس کا پروٹوکول دیا گیا |
ادھر معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری بھی لانگ مارچ کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کرنے کے لیے ملتان پہنچ گئے ہیں۔ ملتان پہنچنے پر معزول چیف جسٹس کا بھرپور استقبال کیا گیا اور انہیں پنجاب حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کا پروٹوکول دیا گیا۔
گیارہ جون کی صبح معزول چیف جسٹس وکلاء کے لانگ مارچ کا افتتاح کر کے واپس لاہور روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ شام کو وکلاء کے کنونشن
سے خطاب کریں گے۔
|
|
منگل کی رات وکلاء کے لانگ مارچ کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہو جائے گا جس میں سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے وکلاء کے قافلے ملتان میں جمع ہوں گے۔
گیارہ جون کی صبح سپریم کورٹ بار کے صدر اعتزاز احسن کی قیادت میں وکلاء کا اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع ہو گا۔ ان کا قافلہ خانیوال، ساہیوال اور اوکاڑہ سے ہوتا ہوا لاہور پہنچے گا جہاں پر رات کے قیام کے بعد بارہ جون کی صبح دارالحکومت کی جانب مارچ ہو گا۔
اس سے قبل پنجاب میں داخل ہونے پر قافلے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چھوٹے بڑے شہروں سےگزرتے اس قافلے پر پھول نچھاور کیے گئے۔ قافلے کے استقبال کے لیے آنے والے لوگوں نے معزول چیف جسٹس کے حق میں اور صدر مشرف کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔
جماعت اسلامی اور مسلم لیگ کے علاوہ سندھ قوم پرست جماعت سندھی عوامی تحریک کے کارکن بھی قافلے کے ساتھ چل رہے ہیں۔
![]() |
|
| ڈی چوک پر کنٹینر کھڑے کر کے راستہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا |
ادھر پیپلز پارٹی کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ وکلاء کا اسلام آباد آمد پر خیر مقدم کرے گی اور ان کے قیام و طعام کا بندوبست بھی کرے گی۔ وزیراعظم کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حکومت مارچ کی مزاحمت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے وہ وکیل رہنما اطہر من اللہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔