Saturday, 07 June, 2008, 22:31 GMT 03:31 PST
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پارلیمان سب سے بااختیار ادارہ ہے اور اگر وہ کسی کا مواخذہ کرنا چاہتی یا کسی کو بھیجنا چاہتی ہے تو اِس کا اس کو قطعی حق حاصل ہے۔ وہ سنیچر کو مدینہ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہے تھے جنہوں نے ان سے صدر پاکستان پرویز مشرف کے مواخذے اور ان کو برخواست کرنے کے بارے میں پوچھا تھا۔
اس کے علاوہ پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کے شریک سربراہ نے سنیچر کی شام کو سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ سے ملاقات کی جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کو درخواست بھیجی ہے کہ وہ موجودہے حالات کے تناظر میں ماضی کی طرح ایک بار پھر تیل کی قیمت کی ادائیگی مؤخر کرنے کی سہولت فراہم کرے۔ اس کی تصدیق پاکستان کے سفری نے چند روز قبل کی تھی۔ سنیچر کی ملاقات میں بھی یہ اہم موضوع تھا اور پاکستان کے وزیر اعظم نے ملاقات کے بعد کہا کہ سعودی بادشاہ نے اس بات کا وعدہ کیا ہے کہ وہ درخواست پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔
عالمی سطح پر خوراک کی صورتحال بھی دونوں ممالک کے زیر بحث آئی۔ پاکستان نے اس کے بارے میں تجویز دی ہے کہ سعودی عرب سے سرمایہ کار پاکستان میں زراعت میں سرمایہ کاری کریں اور پیداوار کو تقسیم کیا جائے۔