Friday, 23 May, 2008, 15:07 GMT 20:07 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ،کراچی
سینیٹ کی وزارت داخلہ کے بارے میں قائمہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پولیس کراچی میں امن و امان کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، اور اس کی کئی وجوہات بتائی ہیں۔
کراچی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے سربراہ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس پر عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے اور اب عوام نے قانون ہاتھ میں لے لیا ہے کہ وہ خود انصاف کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خود پولیس کو کرپشن کے لیے تیار کرتی ہے، چوبیس گھنٹے کے گشت کے لیے موٹر سائیکل کو ڈیڑھ لیٹر اور پولیس موبائیل کو تین لیٹر پیٹرول فراہم کیا جاتا ہے ۔ستر فیصد تھانوں میں واش روم اور ٹیلیفون تک نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پولیس کو پیکیج دیا جائے جس میں ہفتے میں ایک روز چٹھی، آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی اور مطلوبہ
پیٹرول اور طبی سہولیات کی فراہمی شامل ہو۔ اس کے علاوہ آلودہ پانی کی وجہ سے پولیس اہلکاروں میں ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی سے پھیل
رہا ہے ۔
|
|
انہوں نے کراچی میں کوسٹ گارڈ اور رینجرز حکام سے بھی ملاقاتیں کی اور بریفنگ لی۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ کوسٹ گارڈ کا انٹلیجنس محکمہ بالکل بے کار ہے جس وجہ سے انہوں نے جگہ جگہ چیک پوسٹیں بنائی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ہر جگہ پولیس، رینجرز اور کوسٹ گارڈ بھی موجود ہیں جبکہ ایک ہی محکمہ ہونا چاہیئے۔
ان کے مطابق کوسٹ گارڈ محکمہ میں جو بھرتیاں کی جا رہی ہیں ان میں سندھ اور بلوچستان کو ان کا حصہ نہیں دیا جا رہا ہے، وہ سفارش کریں گے کہ ان میں مقامی لوگوں کا کوٹہ بڑھایا جائے کیونکہ کوسٹل بیلٹ کا تعلق نہ پنجاب سے ہے نہ سرحد اور گلگت سے ہے۔
انہوں نے رینجرز کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی انٹلیجنس سروس کو بہتر بنایا جائے، یہ مختلف جگہوں پر اس وقت گزارہ کر رہے ہیں حکومت ان کو با عزت جگہ فراہم کرے جہاں وہ با عزت طریقے سے رہ سکیں۔
یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز نے تعلیمی اداروں، سٹیڈیم اور دیگر سرکاری عمارتوں میں رہائش اور دفاتر قائم کر رکھے ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اگر رینجرز کو مستقل بنیادوں پر رکھ لیا ہے اور انہوں نے امن امان کے حوالے سے معاملات دیکھنے ہیں تو ان کے مسائل حل کریں۔ ان کی گاڑیوں، ساز وسامان کے مسائل حل کیے جائیں ۔
سینیٹر محمد طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ رینجرز کا انٹلیجنس محکمہ انتہائی کمزور ہے جس کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاملات اچھے طریقے سے حل ہوسکیں جو ہر جگہ چیک پوسٹیں قائم ہیں عوام کو تکلیف نہ ہو ۔رینجرز کی تعداد میں بھی اضافے کی ضرورت ہے جس کے لیے مقامی لوگوں کو اولیت دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تمام سفارشات سینیٹ میں پیش کی جائیں گی۔