Wednesday, 21 May, 2008, 14:35 GMT 19:35 PST
بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے چاروں صوبائی حکومتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ایسے تمام قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کرے جنہوں نے اپنی سزا کی مدت تو مکمل کر لی ہے لیکن تھوڑے سے جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے رہا نہیں کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو یہ حکم بدھ کو اسلام آباد میں جاری کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں قیدی محض جرمانے کی تھوڑی سے رقم کی عدم ادائیگی کی وجہ سے جیلوں میں بند ہیں۔
اس بارے میں حکومت کی جانب سے اکہتر لاکھ روپے سے زائد رقم متعلق محکموں کو جاری کر دی گئی ہے لہذٰا ان قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کو یقینی بنایا جائے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق پورے ملک میں ایسے ایک سو اکانوے قیدیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو سزائیں پوری کر چکے ہیں لیکن رہائی نہیں پا رہے۔