Wednesday, 21 May, 2008, 18:18 GMT 23:18 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر حب میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے شپ بریکنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کو ہلاک اور ان کے بھائی کو زخمی کر دیا ہے۔ حب شہر میں تین دنوں میں قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے اور ان واقعات میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ شپ بریکنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک اعظم اور ان کے بھائی ملک عامر گاڑی میں جب کراچی کو بلوچستان سے ملانے والے پل پر پہنچے تو نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی ہے۔ اس حملے میں ملک اعظم ہلاک اور ان کے بھائی ملک عامر زخمی ہوئے ہیں جنھیں کراچی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
حب شہر میں تین دنوں میں فائرنگ کا یہ تسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ روز حب شہر میں نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب چائینیز پولیس اور مزدور گزر رہے تھے۔ اس حملے میں ایک مزدور ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ جس وقت فائرنگ کی گئی اس وقت لسبیلہ کے پولیس افسر حبیب اللہ بھی موقع پر موجود تھے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس حملے کا نشانہ کون تھا۔
پولیس کے مطابق ضلعی پولیس افسر اور دیگر اہلکار اس مقام پر ایک روز پہلے قتل کے واقعہ کی چھان بین کر رہے تھے۔
حب شہر میں پولیس کے علاوہ اٹک سیمنٹ فیکٹری کے مزدوروں اور چائینیز پر پہلے بھی حملے کیے گئے ہیں جن میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی ان دنوں قومی تنصیبات اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہواہے۔
اس کے علاوہ ادھر جعفر آباد کے علاقے میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک نوجوان زخمی ہوا ہے۔