Saturday, 17 May, 2008, 01:03 GMT 06:03 PST
ظہیرالدین بابر
ملتان
صوبہ پنجاب کے شہر ملتان پولیس نے افشار آباد کے علاقے میں ٹائم بم رکھنے والے مشتبہ شخص کا تصویری خاکہ جاری کر دیا ہے۔
پولیس کو جمعہ کی رات یہ بم ایک گلی میں ملا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔
اس واقعے کے بعد ملتان میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے اس ضمن میں ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
ملتان میں لوہاری گیٹ تھانہ کے انسپکٹر محمد رضوان خان کے مطابق جمعہ کی رات ساڑھے دس بجے کے قریب مشتبہ لفافے کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی جس کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا دیا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کے ٹیکنیشن محمد بشیر کا کہنا ہے کہ اس ٹائم بم کا وزن ایک کلو گرام تھا اور اس میں تین سو گرام بارود بھرا گیا تھا۔ بم میں لوہے کی کیلیں بھی نصب کی گئی تھیں۔ محمد بشیر کے بقول بم کا ٹائمر الگ ہو جانے کی وجہ سے بم پھٹ نہیں سکا۔
انسپکٹر رضوان نے کہا ہے کہ بم رکھنے والے مشتبہ شخص کا خاکہ ایک عینی شاہد کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جس نے ایک مشتبہ سائیکل سوار شخص کو بم والا لفافہ پھینکتے ہوئے دیکھا۔
جس مقام سے پولیس کو یہ ٹائم بم ملا ہے وہاں قریب ہی جمعہ کی شام ریسلنگ سٹیڈیم میں شیرِ پنجاب دنگل کے مقابلے ختم ہوئے اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔