http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 13 May, 2008, 06:54 GMT 11:54 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

آصف زرداری کنٹینر کیس میں بری

کراچی کی ایک عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور واجد شمس الحسن کو کنٹینر کیس سے بری کر دیا ہے۔

یہ مقدمہ سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس بن یامین خان کی عدالت میں زیر سماعت تھا جنہوں نےگزشتہ سماعت کے موقعے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

آصف علی زرداری کے وکیل عدنان کریم کا مؤقف تھا کہ زرداری پر یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر دائر کیا گیا ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے کے ایک اہم افسر کو عدالت پہلے ہی بری کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری سندھ میں دائر تمام مقدمات سے بری ہوچکے ہیں جن میں میر مرتضیٰ بھٹو، جسٹس ریٹائرڈ نظام اور عالم بلوچ قتل کیس بھی شامل ہیں۔

صدر پرویز مشرف کی جانب سے جاری کیئے گئے قومی مفاہمتی آرڈیننس کے تحت اندرون ملک اور بیرون ملک بدعنوانی کے مقدمات کا پہلے ہی خاتمہ ہوچکا ہے اب ان پر صرف لاہور میں ایک منشیات کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔