Friday, 09 May, 2008, 09:01 GMT 14:01 PST
امریکی اخبار دی نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے متنازعہ شخصیت میجر جنرل جے ہوڈ کو پاکستان میں تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ہی اس موضوع پر ایک بیان میں امید ظاہر کی تھی کہ امریکہ پاکستانی عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔
میجر جنرل جے ہوڈ پاکستان میں تعیناتی سے قبل گوانتانامو بے کے متنازعہ قید خانے کے کمانڈر رہ چکے ہیں جہاں ان پر اسلام اور قرآن کی بےحرمتی اور قیدیوں سے ناروا سلوک کا الزام لگتا رہا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد صادق نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ جنرل ہوڈ پاکستان میں موجود نہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ امریکی حکومت پاکستانی جذبات کا خیال رکھتے ہوئے اس تعیناتی پر غور کرے گی۔
اخبار کے مطابق اس فیصلہ کا ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق جنرل ہوڈ کو اب کمانڈ ہیڈکواٹر میں ایک دوسری نہایت اہم ذمہ داری دینے پر غور ہو رہا ہے جس کے تحت وہ پاکستان سمیت چوبیس دیگر ممالک میں امریکی سکیورٹی مفادات پر نظر رکھیں گے۔
انہیں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں دفاعی نمائندے کے طور پر تعنیات کیا جانا تھا جو پاکستان کے ساتھ فوجی تعاون اور تربیت کا انتظام سنبھالتا ہے۔