Wednesday, 07 May, 2008, 08:42 GMT 13:42 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد
صوبہ سرحد کی حکمراں جماعت کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات کو مقررہ وقت پر منعقد کروانے سے متعلق الیکشن کمیشن کو درخواست ارسال کرنے کے لیئے کہا گیا تو وہ یہ درخواست کر دے گی کیونکہ وہ ان انتخابات کے مقررہ وقت پر منعقد کروانے کے حق میں ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے حکمراں جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا کہ تاہم یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دیگر صوبوں کی حکومتیں اس بابت کیا پالیسی اختیار کرتی ہیں۔
ادھر وفاقی کابینہ کا ایک اجلاس آج وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے جس میں توقع ہے کہ ضمنی انتخابات کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ سامنے آسکے گا۔
وزیراعظم نے کل رات پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری سے آدھ گھنٹے تک ملاقات میں ضمنی انتخابات کے مقررہ وقت پر غور کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومتوں سے کہا جائے گا کہ وہ الیکشن کمیشن کو انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے لیئے درخواست دیں۔
بعض اطلاعات کے مطابق، آصف زرداری اور رحمان ملک کے درمیان وزیرِ اعظم سے ملاقات سے پہلے علیحدہ ملاقات بھی ہوئی۔
اے این پی کے زاہد خان نے کہا کہ اس معاملے پر آج پشاور میں غور ہوگا۔ ان کا موقف تھا کہ جن حلقوں میں انتخابات میں تاخیر سے ہوں گے تو وہ نمائندگی سے محروم رہیں گے۔
ادھر انتخابی کمیشن میں بھی اطلاعات ہیں کہ ضمنی انتخابات میں تاخیر کے اعلان سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کے لیئے غیررسمی اجلاس جاری ہیں تاہم ابھی فیصلے کی واپسی کا کوئی اعلان نہیں ہوا ہے۔