Sunday, 04 May, 2008, 16:01 GMT 21:01 PST
ذوالفقار علی
بی بی سی، اردو ڈاٹ کام، مظفرآباد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے بتایا کہ انہوں نے لائن آف کنڑول پر ایک شخص کی لاش بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے حوالی کی جو انہی کے شہری کی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ جس شخص کی یہ لاش ہے وہ کوئی آٹھ دن قبل سنیچر کو دریائے جہلم میں بہہ گیا تھا اور اس کی لاش گذشتہ اتوار کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کو دریائے جہلم سے ملی تھی۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام نے محمد الیاس کی لاش اتوار کو چکوٹھی کے مقام پر بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے حوالے کی۔
یہ وہی مقام ہے جہاں سے سرینگر اور مظفرآباد کے درمیان چلنے والی بس کے مسافر کشمیر کے دونوں حصوں کو جوڑنے والے پل کو پیدل عبور کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ محمد الیاس کا بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سرحدی علاقے اوڑی سے تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاش کی شناخت نہ ہونے کی بنا امانتاً تدفین کر دی تھی لیکن تدفین سے قبل تصاویر اتار لی تھیں۔
|
الیاس حادثے کے بعد بہہ گیا تھا
|
حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل بھارتی حکام نے ان کو گمشدہ الیاس کی تصویر فراہم کی جس سے اس کی شناخت ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ محمد الیاس کی میت اتوار کو چکوٹھی کے مقام پر بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے حکام کے حوالے کی گئی اور اس موقع پر الیاس کے بھائی بھی وہاں موجود تھے اور انہوں نے بھی بھائی کی میت کو سناخت کرلیا۔