http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 03 May, 2008, 09:13 GMT 14:13 PST

عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور

مہمند: چار مغویوں کی بازیابی

قبائلی علاقہ مہمند ایجنسی میں حکام نے چند روز قبل اغوا کیے جانے والے ایک امریکی این جی او کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد کو بازیاب کرا لیا ہے۔

مہمند یجنسی کے ایک پولیٹیکل اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکی این جی او اور ایک سرکاری ادارے سی این ڈبلیو کے چار اہلکاروں کو جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو جرگے کے ذریعے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق امریکی این جی او کے دونوں اہلکاروں کو سنیچر کی صبح اپنے گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ سرکاری اہلکار کے مطابق امریکی این جی او ’سیو دی چلڈرن‘ کے دو اہلکاروں کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے مہمند ایجنسی سے اغواء کیا تھا تاہم مذاکرات کے بعد انہیں باجوڑ ایجنسی کے امبار کے علاقے سے بازیاب کرانے میں کامیابی ہوئی ہے۔

اہلکار کے مطابق تین دن قبل اغواء کیے جانے والےسی این ڈبلیو کے دو ڈرائیوروں کو بھی جرگے کے ذریعے بازیاب کرایا گیا ہے۔ ان کے بقول ان افراد کو مقامی طالبان نے مبینہ طور پر اغواء کیا تھا۔

مہمند ایجنسی میں مقامی طالبان کی بڑھتی ہوئی مبینہ سرگرمیوں کے بعد وہاں پر گزشتہ کچھ عرصے کے دوران غیر حکومتی اور سرکاری اداروں کے اہلکاروں کے اغواء ہونے کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔