Sunday, 20 April, 2008, 18:40 GMT 23:40 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر حب میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے فرنٹیئر کور کے تین اہلکاروں کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کو رات گئے حب شہر کی بڑی شاہراہ آر سی ڈی روڈ پرگڈانی سٹاپ کے پاس پیش آیا ہے۔
حب تھانے کے پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے اور اس حملے میں نیم فوجی دستے کے تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
دریں اثنا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے ببرگ بلوچ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایف سی کا ایک افسر بھی شامل تھا۔ ببرگ بلوچ نے دعوی کیا ہے کہ ان کے حملہ آور فرار ہونے سے پہلے ایف سی اہلکاروں کا اسلحہ ساتھ لے گئے لیکن پولیس اہلکاروں نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ادھر اتوار کو شام کے وقت ڈیرہ بگٹی کے علاقہ حبیب راہی میں سکیورٹی فورسز اور مسلح قبائلیوں کے مابین جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں لیکن پولیس اور مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس جھڑپ میں کتنا نقصان ہوا ہے۔ یاد رہے اتوار کی صبح ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جبکہ سنگسیلہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا