Monday, 14 April, 2008, 11:24 GMT 16:24 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے شہر حب میں نا معلوم افراد نے فائرنگ کرکے مقامی صحافی کو ہلاک کر دیا ہے جس کے بعد مقامی لوگوں نے کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی شاہراہ کو احتجاجاً بند کر دیا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ آج صبح مقامی اخبار کے ایڈیٹر خادم شیخ اپنے ساتھی کے ساتھ گاڑی میں جا رہے تھے کہ ساکران روڈ پر موٹر سائکل سواروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ جس سے خادم شیخ ہلاک اور ان کے ساتھی زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ ذاتی دشمنی کا واقعہ ہے یا کوئی اور وجوہات ہیں ۔خادم شیخ حب نیوز کے علاوہ اردو اخبار خبریں کے ساتھ بھی وابستہ تھے۔
مقامی صحافی عزیز لاسی نے بتایا ہے کہ اس واقعہ کے بعد حب میں آر سی ڈی شاہراہ احتجاجاً بلاک کردی اور قریبی علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز وڈھ میں صحافیوں نے اپنے ساتھی جاوید لہڑی کی حراست کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ جاوید
لہڑی مبینہ طور پر سات ماہ سے لاپتہ ہے اور مقامی صحافیوں کے مطابق انہیں ایجنسیوں کے اہلکار لےگئے تھے اور اب تک کسی عدالت میں
پیش نہیں کیا گیا ہے۔