http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 11 April, 2008, 00:37 GMT 05:37 PST

عبادالحق
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پنجاب: سرکاری اہلکار برطرف

پنجاب حکومت نے سابق دور میں ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ پرتعینات کیےگئے افسروں اور اہلکاروں کو فوری طور ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا ہے جبکہ ایک دوسرے حکم کے ذریعے صوبے بھر میں ضلع کی سطح پر انتظامیہ میں بڑی پیمانے پر تبادلے اور تقرر کیےگئے ہیں۔

پنجاب میں مسلم لیگ نواز نے ابھی حکومت قائم نہیں کی تاہم انتخابات کے نتائج کے بعد ان افسروں کی فہرستوں کی تیاری شروع ہوگئی تھی جہنیں چودھری پرویز الہیْ کی وزارت اعلیٰ میں قواعد میں نرمی کر کے اہم عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا۔

ان میں وہ افسران شامل ہیں جنہیں ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ کنٹریکٹ دیا گیا، ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی یا وہ ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں سے آئے ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق گریڈ ایک سےگریڈگیارہ تک کے اہلکار اس حکم سے مستثنیْ ہونگے تاہم یہ استثنیْ پٹواریوں، رجسٹری محرر، ایکسائز انسپکٹروں اور ایسی دیگر پرکش اسامیوں پر تعینات اہلکاروں کو حاصل نہیں ہوگا۔
حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ایسے تمام افسر اور اہلکاروں کے کنٹریکٹ فوری طور پر منسوخ ہونگے۔

ادھرانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اظہر حسن ندیم نے نئے احکامات کی روشنی میں پولیس کے بتیس افسروں کے کنٹریکٹ ختم کر کے ان کو برطرف کر دیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت پر جن افسروں کو برطرف کیا گیا ہے ان میں ایڈیشنل آئی جی پولیس رفعت پاشا اور دو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کے علاوہ کئی ایس ایس پی، ایس پی اور ڈی ایس پی شامل ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے بڑے پیمانے پر ضلع کی سطح تعینات ڈی سی اوز کے علاوہ دیگر افسروں کو تبدیل کردیا ہے۔

خیال رہے کہ اٹھارہ فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کے بعد جب یہ بات واضح ہوگئی کہ صوبے میں مسلم لیگ نواز کی حکومت قائم ہوگی تو صوبے میں تعینات سینیر افسروں نے خود ہی عہدے چھورنے شروع کردیے۔

انسپکٹر جنرل پولیس احمد نسیم نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی، وزیر اعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری جی ایم سکندر ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری نجیب اللہ ملک اور سیکرٹری ہاؤسنگ خالد سلطان نے اپنے تبادلے وفاق میں کروالیے جبکہ لاہور کے ایس ایس پی آپریشن آفتاب چیمہ تربیت کے لیے چلے گئے ہیں اور پنجاب میں نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے بعد صوبےکی سیکرٹری سروسز مسز وسیم افضل رخصت پر چلی گئی ہیں۔