Wednesday, 09 April, 2008, 17:19 GMT 22:19 PST
ارمان صابر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں ہنگامہ آرائی کے دوران سات افراد کی ہلاکت اور مختلف علاقوں میں سرکاری اور نجی املاک کے علاوہ دو درجن سے زائد گاڑیوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے بعد سندھ حکومت نے فوری طور پر بدھ کی رات پولیس کے اعلٰی افسران کے تبادلے کردیے ہیں۔
صوبائی محکمۂ داخلہ کے مطابق کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے بعد کراچی پولیس کے تینوں زونوں کے ڈی آئی جی آپریشنز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی کے جس علاقے یعنی صدر ٹاؤن میں جہاں امن و امان کی صورتحال سب سے زیادہ دگرگوں رہی وہاں کے ایس پی کیپٹن (ریٹائرڈ) طاہر نوید کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی کے نومنتخب وزیرِاعلٰی سید قائم علی شاہ کے حلف اٹھانے کے دوسرے ہی روز پولیس میں اعلٰی پیمانے پر پہلی مرتبہ تبادلے کیے گئے ہیں۔
محکمۂ داخلہ کے حکام کے مطابق ان تبادلوں کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جمعرات کو جاری کردیا جائے گا۔