Tuesday, 08 April, 2008, 01:48 GMT 06:48 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر پر پانچ سالہ پابندی کے فیصلے کے خلاف ان کی اپیل سننے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس ( ریٹائرڈ) آفتاب فرخ، سابق ٹیسٹ کرکٹر حسیب احسن اور سلمان تاثیر پر مشتمل ہے۔
کمیٹی اپنی کارروائی فوری طور پر شروع کر دے گی اور سات سے تیس روز میں اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کردے گی۔
واضح رہے کہ شعیب اختر نے ڈِسپلن کی خلاف ورزی پر عائد پانچ سالہ پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اگر انہیں انصاف نہیں ملا تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔
کمیٹی کے رکن جسٹس ( ریٹائرڈ) آفتاب فرخ 1978 سے 1981 تک لاہور ہائی کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔ سلمان تاثیر سیاست داں اور صنعت کار ہیں۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر حسیب احسن پہلے بھی اس کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں جس نے شعیب اختر کی اپیل پر ان پر ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے الزام میں عائد دو سالہ پابندی ختم کر دی تھی۔