Tuesday, 08 April, 2008, 00:46 GMT 05:46 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے متفقہ طور پر پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے رکن اسمبلی اسلم بھوتانی کو سپیکر اور جمعیت علماءاسلام کے مطیع اللہ آغا کو ڈپٹی سپیکر نامزد کیا ہے ۔ ان کا باقاعدہ انتخاب منگل کو ہوگا۔
دونوں اراکین نے پیر کے روز پانچ بجے اپنے کاغذات جمع کرا دیے تھے اور دونوں کے کاغذات درست قرار دے دیے گئے۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ہورہا ہے۔ ان دو اراکین کے علاوہ کسی اور نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلوچستان اسمبلی میں ہوا جس میں پیپلزپارٹی کے شفیق احمد اور قاف
لیگ کے اسلم بھوتانی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ ادھر پیپلز پارٹی کے ساتھ طے کیے گئے معاہدے کے تحت ڈپٹی سپیکر کا عہدہ جمعیت علماء
اسلام فضل الرحمان گروپ کو دیا گیا تھا جس پر جماعت نے غور کے بعد سابق وزیر اطلاعات مطیع اللہ آغا کو امیدوار نامزد کر دیا۔
|
|
مطیع اللہ آغا کا تعلق پشین سے ہے اور جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے اہم رکن ہیں۔ وہ سابق دور حکومت میں اطلاعات کے وزیر
رہے ہیں۔