Friday, 04 April, 2008, 21:36 GMT 02:36 PST
عبادالحق
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے سینیٹر کامل علی آغا کو سینیٹ میں قائد حزب مخالف نامزد کردیا ہے اور اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ کو درخواست بھی دے دی گئی ہے۔
چودھری شجاعت نے فیصلہ اتحادی جماعتوں اور سینیٹ میں مسلم لیگ قاف کے سابق قائد ایوان وسیم سجاد کے ساتھ صلاح مشورہ کے بعد کیا۔
اٹھارہ فروری کے انتخابات کے بعد مسلم لیگ قاف کے قائد ایوان وسیم سجاد نے نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا۔ وسیم سجاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمانی روایت کے تحت اپنے عہدے استفٰی دیا ہے تاکہ نئے وزیر اعظم اپنی مرضی کے قائد ایوان کو چن سکیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے سابق قائد حزب اختلاف سینیٹر رضا ربانی کو قائد ایوان مقرر کردیا تھا۔
کامل علی آغا مسلم لیگ قاف کے چیف وہپ ہیں اور مسلم لیگ قاف کی حکومت میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور بھی رہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ قاف پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہٰی پہلے ہی قومی اسمبلی میں قائد حزب مخالف مقرر ہوچکے ہیں۔