http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 03 April, 2008, 02:38 GMT 07:38 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک

کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

کوئٹہ کو پولیس افسر محمد اکبر نے بتایا ہے کہ نا معلوم افراد نے عالمو چوک سے پہلے نواں کلی کی طرف جانے والے راستے پر سادہ لباس میں موجود دو اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاع کے مطابق دونوں اہلکار فوج کے کسی ادارے کے اہلکار تھے اور انہیں قریب سے گولیاں ماری گئی ہیں۔

دریں اثناء اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے بیبرگ بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر حملے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے۔

اس کے علاوہ صحبت پور سے پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ مولا بخش اور سکندر نامی دو افراد زمینوں پر کام کرنے کے بعد اپنی گدھا گاڑی پر واپس آرہے تھے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے جس سے دونوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس بارے میں ایک اور کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا کہ یہ حملہ حکومت کے حمایت یافتہ ایک رکن صوبائی اسمبلی کی گاڑی پر کیا گیا ہے جس سے اس کے دونوں افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن رکن صوبائی اسمبلی محفوظ رہا ہے۔

سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا یہ حملہ کسی رکن صوبائی اسمبلی پر کیا گیا ہے۔