Wednesday, 02 April, 2008, 19:51 GMT 00:51 PST
بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے میجر جنرل محمد آصف کو پاک فوج کے خفیہ ادارے ملٹری انٹیلی جنس کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی نے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ملٹری انٹیلی جنس کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ندیم اعجاز کو جنرل آفیسر کمانڈنگ بہاولپور مقرر کردیا گیا ہے۔
فوجی ذرائع کے مطابق میجر جنرل ندیم اعجاز اس عہدے پر اپنی تعیناتی کی مدت پوری کرچکے تھے اس لیئے ان کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ انہیں تقریباً دو برس قبل جنرل پرویز مشرف نے اس عہدے پر تعینات کیا تھا۔
میجر جنرل محمد آصف روس میں پاکستان کے دفاعی اتاشی بھی رہ چکے ہیں۔
اگرچہ حکام اسے فوج کے اس اہم ادارے میں ایک معمول کی تعیناتی قرار دے رہے ہیں لیکن اس سے فوج کے نئے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کو اس تبدیلی سے فوج کے اس اہم ترین ادارے پر اپنی گرفت مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
اس تعیناتی کا اعلان ایسے دن کیا گیا جب فوجی سربراہ نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سمیت حکمراں اتحاد کی سیاسی قیادت کو ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔