Sunday, 23 March, 2008, 12:38 GMT 17:38 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک مزدور ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جبکہ ادھر کاہان کے قریبی علاقوں سے مبینہ طور پر سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران بیس افراد کوگرفتار کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سوئی سے دس کلومیٹر دور سڑک کے کنارے مزدور کام کر رہے تھے کہ اچانک کھدائی کے دوران نصب شدہ بارودی سرنگ پھٹ گئی جس سے ایک مزدور ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو کشمور ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
ادھر کوہلو سے آمدہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے نساؤ جنت علی اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے اور اب تک بیس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار گھروں میں تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کرتے رہے اور مال اسباب بھی ساتھ لے گئے ہیں۔ سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یاد رہے ڈیرہ بگٹی کے علاقوں سے بھی اسی طرح کے سرچ آپریشن کی اطلاعات گزشتہ روز موصول ہوئی تھیں جہاں بیالیس سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اور نامزد وزیر اعلٰی نواب اسلم رئیسانی بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے کوششیں کریں گے۔
نواب اسلم رئیسانی نے کچھ روز پہلے کہا تھا کہ وہ کالعدم تنظیموں جیسے بلوچ لبریشن آرمی بلوچ ریپبلکن آرمی اور بلوچ لبریشن فرنٹ کے لوگوں سے مذاکرات کریں گے اور معاملات کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔